سی ٹی ڈی کی کارروائیوں کا سدباب کیا جائے، رہنما مرکزی جماعت اہلسنت

January 22, 2019

برمنگھم (نمائندہ جنگ) پاکستان کے شہر ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی جانب سے بے گناہ اور معصوم افراد کو ہلاک کرنے پر پاکستان بھر کی طرح اوورسیز پاکستانیوں میں بھی غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ مختلف جماعتوں اور تنظیموں نے اس دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز (رجسٹرڈ) نے ساہیوال دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے اورسی ٹی ڈی کی صورت میں انتقامی ظالمانہ کارروائیوں کے سدباب کے لیے کائونٹر ٹیررسٹ پالیسی میں اصلاحات لائے جماعت کے اکابرین و قائدین علامہ احمد نثار بیگ قادری، علامہ مفتی فضل احمد قادری، مفتی محمد اخترالقادری، علامہ وقار احمد بیگ قادری، علامہ قاضی عبداللطیف، صاحبزادہ حافظ، ظہیر احمد نقشبندی، علامہ حافظ نثار احمد قادری اور دیگر نے اپنے ایک بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اس دہشت گردی پر جوڈیشنل کمیشن تشکیل دے کر بے گناہ افراد کو قتل کرنے پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے تاکہ پاکستان میں مثال قائم ہوسکے۔