کورنگی میں میاں بیوی کو گولیاں لگنے کا معاملہ، دو پولیس اہلکار گرفتار

January 22, 2019

کورنگی میں پولیس مقابلے کے دوران گولیاں لگنے سے میاں بیوی کے زخمی ہونے کے واقعہ کا مقدمہ تیار کرلیا گیا ہے، جس میں دو پولیس اہلکار نامزد کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کورنگی علی رضا کے مطابق عوامی کالونی تھانے میں ایف آئی آر سرکار کی مدعیت میں آج کی تاریخ میں درج کی جا رہی ہے۔ ایس ایس پی سید علی رضا کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرانے کیلئے زخمی میاں بیوی کا انتظار کیا گیا، ان سے ملاقات کرکے مقدمہ درج کرانے کے لئے کوشش کی گئی، خاندان کا کوئی اور فرد بھی مقدمہ درج کرانے نہیں آیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق جس پر تھانے کے روزنامچے میں تمام واقعہ، اس کے بعد کے حالات اور مقدمے کے اندراج کے لیے پولیس کی کوششوں کا تذکرہ کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ اس واقعہ کی پولیس کی تحقیقات کی روشنی میں درج کیا جا رہا ہے، جس میں پولیس کی چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان کی جانب سے پولیس اہلکار سے سب مشین گن چھیننے کا حوالہ دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سب مشین گن چھین کر فرار ملزمان نے تعاقب کرنے پر پولیس پر فائرنگ کی۔ جس کے جواب میں پولیس اہلکاروں نے دوسری سب مشین گن سے دو فائر کیے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں دستیاب شواہد کا والا دیا گیا ہے جن سے لگتا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے میاں بیوی زخمی ہوئے، تحقیقات کے نتیجے پر ہی دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے ۔

سرکار کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں اہلکاروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا کورنگی پولیس نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ مقابلے کے دوران میاں بیوی کے زخمی ہونے کے واقعہ کو سانحہ ساہیوال کے تناظر میں نہ دیکھا جائے۔

ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق کورنگی میں اہلکار سے اسلحہ چھین کر بھاگنے والے ملزمان اور پولیس کے مابین فائرنگ کے دوران میاں بیوی کو گولیاں لگیں، رات کی تاریکی میں پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے کا واقعہ محض اتفاق ہے، مجرمانہ غفلت نہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی پولیس مقابلے کی تحقیقات کرلی گئی ہیں، دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے رکھا ہے۔

پولیس اہلکاروں کی غلطی یا کوتاہی پر ہر ممکن قانونی کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔

زخمی میاں بیوی کی طبی امداد کے لئے بھی پولیس نے خاطر خواہ انتظامات کرائے ہیں، اسپیشل وارڈ میں داخل ہیں۔

ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق خاندان کا سربراہ ریٹائرڈ پولیس افسر ہے، متاثرہ جوڑے کو مکمل قانونی موقع اور مقدمہ درج کرانے کیلئے وقت دیا ہے۔

ایس ایس پی کورنگی سید علی رضا نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ کورنگی کے واقعہ کو ساہیوال سانحہ سے نہ جوڑا جائے۔