میپکوسمیت3 کمپنیوں میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب شروع کرنیکا فیصلہ

January 23, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاور ڈویژن نےمیپکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے لئے ایڈوانس میٹرنگ انفرانسٹرکچر (اے ایم آئی) پروگرام شروع کیا جائے گا، وزارت توانائی نے ابتدائی طور پر بجلی کی 3 تقسیم کار کمپنیوں میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)‘ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) میں پہلے مرحلہ میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب کی جائے گی،دریں اثناحکومت نے لائن لاسز اور بجلی چوری میں کمی اور خاتمے کے لئے فیڈرز کی سطح پر آپریشن کرنے کا فیصلہ ہے، ہر فیڈر کے تمام کنکشنوں کی چیکنگ کی جائے گی، وفاقی حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہوں، چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو سہ ماہی پلان کی تیاری کا حکم دیدیا ہے، ہر کمپنی میں 3 ماہ تک فیڈرز کے کنکشن کی چیکنگ کا عمل جاری رہے گا جس کو پاور ڈویژن اور پیپکو حکام مانیٹر کریں گے، اس جامع حکمت عملی سے ملک بھر میں بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی چوروں کی بڑے پیمانے پر سرکوبی کا امکان ہے، ذرائع کے مطابق اپریل تا جون 2019ءملک بھر میں ہر فیڈر پر میٹروں کی چیکنگ کے لئے گرینڈ آپریشن کیا جائے گا۔