’جو حق قیدیوں کا ہے، نواز شریف کو دیا جائے‘

January 24, 2019

رہنما مسلم لیگ ن پرویز رشید نے مطالبہ کیا ہےکہ نواز شریف کو علاج کی ان سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے جوہرقیدی کا حق ہیں،جوحق قوانین تمام قیدیوں کودیتے ہیں ان کے تحت نوازشریف کو بھی یہ حق دیا جائے۔

کوٹ لکھپت جیل میں آج نواز شریف سے ملاقات کا دن ہے، مسلم لیگ کے رہنماؤں نے نوازشریف سے ملاقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل کا رخ کیا ہے۔

نواز شریف سے ملاقات کیلئے آمد پر رہنما مسلم لیگ ن پرویز رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی صحت سے متعلق عوام تشویش میں مبتلا ہیں ،ان کے ذاتی معالج کوبھی ان تک رسائی دی جائے تاکہ عوام کی تشویش غصے میں نہ بدلے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما عظمٰی بخاری نے کوٹ لکھپت جیل آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کے بارے میں تشویشناک رپورٹ آرہی ہیں، ڈاکٹر ،جو، رائے دے رہے ہیں اُن پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا،پنجاب حکومت رپورٹس کو انکی فیملی کے ساتھ بھی شیئر کرے۔

یاد رہے کہ نواز شریف العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، انہیں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو قید کی سزا سنائی تھی۔