بلاول کی جعلی اکاؤنٹس کیس کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر

February 08, 2019

بلاول بھٹوزرداری نےجعلی بینک اکاؤنٹس کیس کےفیصلے پر نظرثانی کی اپیل دائر کردی۔

بلاول بھٹوزرداری نے اپیل میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے انہیں کبھی بلایا ہی نہیں،انہیں سنے بغیر ان کےخلاف آبزرویشن دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ زبانی حکمنامے میں میرا نام جے آئی ٹی رپورٹ سے ہٹانے کا حکم دیا گیا،تحریری حکمنامے میں میرا نام جے آئی ٹی رپورٹ سے ہٹانے کانہیں کہاگیا،زبانی حکمنامہ تحریری حکمنامے سے مختلف نہیں ہوسکتا۔

بلاول کی جانب سے دائر اپیل میں یہ بھی کہا گیا کہ جے آئی ٹی نے تسلیم کیا کے میرے خلاف مواد ناکافی ہے،یہ بھی تسلیم کیا گیا کہ میرا نام جے آئی ٹی میں غلطی سےڈالا گیا، ازخود نوٹس میں عدالت کے کیا دائرہ اختیار ہےیہ تشریح کی جائے،کیا ازخود نوٹس بنیادی حقوق کےعلاوہ انفرادی معاملات پربھی لاگوہوسکتےہیں۔

بلاول کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کی تشکیل پر بھی سوالات پیدا ہوتے ہیں، کیا حساس اداروں کو کسی جے آئی ٹی کا حصہ بنایا جاسکتا ہے؟حساس اداروں کے جے آئی ٹی میں شمولیت پر اعتراضات ہیں۔

بلاول بھٹوزرداری کی اپیل میں موقف اپناتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں لہذا7 جنوری کے حکم نامے پر نظر ثانی کی جائے، میرا نام جے آئی ٹی سمیت دیگر تفتیشی اداروں سے نکالا جائے اورازخود نوٹس اختیار پر قانونی جائزہ اور نظر ثانی کے لیے بڑا بینچ بنایا جائے۔