جیلوں میں بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ

February 11, 2019

پاکستان کی جانب سے علاقائی اور خطے میں پرُامن ہمسائیگی کے لیےایک بڑا اقدام اُٹھایا گیا ہے جس کے تحت پاکستانی جیلوں میں بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی بھارتی ہائی کمیشن حکام کو 102 بھارتی قیدیوں تک قونصلر رسائی کی اجازت کا حکم دیا گیا ہے جبکہ قونصلر رسائی پانے والے قیدیوں میں 100 کراچی،2 راولپنڈی کی جیلوں میں ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ قونصلر رسائی رواں ماہ کے آخر تک دے دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ان کا بتانا ہے کہ پاکستانی جیلوں میں 537 بھارتی قیدی موجود ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ انہیں امید ہے بھارتی جیلوں میں قید 347 پاکستانی قیدیوں کو بھی بھارت قونصلر رسائی دے گا۔

یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے لیے فائدہ مند ہوگا۔