دولت مشترکہ سے متعلق وزیرلارڈ طارق سے نفیس ذکریا کی ملاقات

February 15, 2019

لندن(جنگ نیوز) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس ذکریا نے گزشتہ روز ، فارن اورکامن ویلتھ آفس لندن میں برطانیہ کے دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ سے متعلق امور کے وزیر لارڈ طارق احمد سے ملاقات کی اور ان سے حکومت پاکستان کی ترجیحات ،خاص طورپر برطانیہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کومزید مضبوط ومستحکم بنانے ،تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے اور دونوں ملکوں کے اقتصادی مفادات کے تحت برٹش پاکستانیوں کے ساتھ تعلقات قائم رکھنے کے حوالے سے بات چیت کی۔ملاقات کے دوران دونوں نے دولت مشترکہ کے عوام کے ساتھ عوام کے تعلقات کو وسعت دینے ،تجارتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے ،ثقافت سے متعلق آگہی فراہم کرنےاور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر پائیدار ترقی سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا،لارڈ طارق احمد نے پاکستانی ہائی کمشنر کو یقین دلایا کہ برطانیہ نئی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرائی حاصل ہوسکے۔