الزامات تو وزیراعظم پر بھی ہیں پھرعمران خان کو بھی سعودی ولی عہد سے دور رکھا جائے،پیپلز پارٹی

February 17, 2019

لاہور (این این آئی) پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو سستی شہرت والی سیاست سے فرصت نہیں،حکومت غیر سنجیدگی کی انتہاء پر ہے ،حکمران ملک کے اندر جو کرتے رہے وہی کچھ عالمی معاملات میں بھی دکھا رہے ہیں، الزامات تو وزیراعظم پر بھی ہیں پھر عمران خان کو بھی سعودی ولی عہد سے دور رکھا جائے۔انہوں نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری بنا سوچے سمجھے بیان دے دیتے ہیں، اگر اپوزیشن رہنمائوں پر الزامات ہیں تو تحقیقات وزیراعظم کے خلاف بھی چل رہی ہیں، الزامات تو وزیراعظم پر بھی ہیں پھر عمران خان کو بھی سعودی ولی عہد سے دور رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع ملکی سیاست کی بنیاد پر تنازعات کھڑا کرنے کا نہیں ہے، اپوزیشن ہی ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور حکومت غیرسنجیدگی کی انتہا پر ہے، ان کو اتنا احساس نہیں کہ خطے کے حالات کیا ہیں ملک کو کس صورتحال سامنا ہے۔بھارت پاکستان کو دھمکا رہا ہے اور حکمرانوں کو سستی شہرت والی سیاست سے فرصت نہیں۔چوہدری منظور نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو گالیاں دینا ہی اپنی اول اور آخر ذمہ داری سمجھتی ہے، اپوزیشن کو نہیں بلانا تو مت بلائیں کم از کم بولنے سے پہلے سوچ تو لیں، حکمران ملک کے اندر جو کرتے رہے وہی کچھ عالمی معاملات میں بھی دکھا رہے ہیں۔