قہرمان گران کی وطنی خدمات اور جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائیگی، پشتونخوامیپ

February 17, 2019

کوئٹہ( پ ر) پشتونخوامیپ کے مرکزی کمیٹی کے رکن قہر مان گران (محمد یوسف) کی گیارویں برسی آج اتوار کو عقیدت واحترام سے منائی جارہی ہے ۔ قہرمان گران تو بہ اچکزئی کی کلی دوبندی میں 1952میں لعل محمد اچکزئی کے ہاں پیدا ہوئے ۔ تنگ دستی اور محرومی کے ان سالوں میں ایک پسماندہ معاشرے میں انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا ۔ خان شہید کی شہادت کے بعد پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کے دست راست کے طور پر اپنی قومی خدمات اور اپنی زندگی پارٹی کیلئے وقف کردی ۔ اس دوران کئی ایسے مواقع آئے جب پارٹی اور چیئرمین کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تو قہر مان گران ہی دیگر ساتھیوں کے ساتھ استقامت سے کھڑے رہے ۔ اپنی جدوجہد کے دوران انہوں نے بہت صعوبتیں برداشت کیں ان پر کئی بار قاتلانہ حملے ہوئے ۔ لیکن ظلم و خوف کے سامنے نہیں جھکے ۔ 27اپریل 2000کو گران،صوفی خدائیداد اور دیگر ساتھیوں کے گھروں پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا گیا اس دوران گران کے فرزند اور پارٹی کے کارکن ساقی جان، وزیر آکا ،رمضان ، امان اللہ ، پیروان شہید اور کئی زخمی ہوئے پارٹی فیصلے کے مطابق گران،صوفی خدائیداد اور دیگر ساتھیوں کو روپوشی اختیار کرنی پڑی جو 6سال سے زائد عرصے تک جاری رہی اس دوران ان پر اور دیگر ساتھیوں پر سنگین اور دہشتگردی کے مقدمات لگائے گئے لیکن اس باہمت انسان نے پارٹی ہدایات کے مطابق اپنا کام جاری رکھا ۔ یہ عظیم مبارز 17فروری 2008کو اسی سیاسی جدوجہد کے دوران علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ جنہیں خان شہید کے پہلو میں گلستان کے شہداء کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ۔ ان کی قومی وطنی خدمات اور نڈر سیاسی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائیگی۔