ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیاں، بھارتی کمپنیوں نے اپنی سائٹس سے پاکستانی گلوکاروں کے گانے ہٹا دئیے

February 18, 2019

ممبئی(آئی این پی) پلوامہ حملے کے بعد ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں پر بھارت کی معروف میوزک کمپنیوں نے اپنے یوٹیوب چینلز سے پاکستانی گلوکاروں کے گانے ہٹا دئیے۔مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجیوں کی گاڑی پر خودکش حملے کے بعد بھارتی حکومت اور ہندوانتہا پسند جماعتیں مسلسل پاکستان کے خلاف زہر اگلنے میں مصروف ہیں۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ہندوانتہا پسند جماعت مہاراشٹرا نونرمان سینا(ایم این ایس) نے ٹی سیریز، سونی میوزک وینس اورٹپس میوزک جیسی معروف بھارتی میوزک کمپنیوں کے مالکان کو دھمکی دی تھی کہ وہ پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ کام کرنا بند کردیں اور اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ مہاراشٹرا نونرمان سینا کی دھمکی کے بعد میوزک کمپنیوں نے اپنے یوٹیوب چینلز سے پاکستانی گلوکاروں کے گانے ہٹا دئیے ہیں۔