انٹرویوزباربارملتوی ہونےسے50 سے زائد سینئر انجینئر ترقی سے محروم

February 18, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاور سیکٹر کے ایک ریٹائرڈ سپرنٹنڈنگ انجینئر کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے کے باعث 50 سے زائد سینئر انجینئرز تاحال ترقی سے محروم ہیں۔ بجلی کمپنیوں نے سینئر سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ایڈیشنل چیف انجینئر کی پوسٹ کرنٹ چارج بنیادوں پر دے دی۔ ذرائع کے مطابق پیپکو کی جانب سے میپکو سمیت بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کی چیف انجینئر عہدہ ترقی کیلئے دومرتبہ انٹرویوز ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 6 ماہ سے کبھی سینئر انجینئرز سے اثاثہ جات طلب کئے جاتے ہیں تو کبھی فائل اور سروس بکس جبکہ دوماہ قبل ہونے والے انٹرویوز عین اس وقت ملتوی کردئیے گئے جب پورے ملک سے انجینئرز پیپکو ہیڈکوارٹر واپڈا ہاؤس لاہور پہنچ چکے تھےجبکہ ان انجینئرز کو بتایا گیا کہ ایک ایسے ریٹائرڈ سپرنٹنڈنگ انجینئر نے عدالت سے رجوع کرلیاجو پہلے پیپکو کے سینئر سلیکشن بورڈ سے پانچ مرتبہ مسترد ہوچکےہیں۔