’سعودی ولی عہد کا دورہ دوستی کو مزید مضبوط کرے گا‘

February 18, 2019

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ دونوں ملکوں کی دوستی کو مزید مضبوط کرے گا۔

ایوان صدر میں سعودی ولی عہد کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے ڈاکٹر عارف علوی اور محمد بن سلمان نے خطاب کیا،اس موقع پر صدر مملکت نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب کا وژن 2030ء مستقبل کےلئے اہم ہے،پاک سعودی سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کا قیام انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اورپاکستان تاریخی رشتوں میں بندھے دوست ہیں،سعودی عرب کی محبت پاکستان کےعوام کے دلوں میں ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی مذہب اور ثقافت پر مبنی ہے،دونوں ملک سیاحت کے لیے بہترین ہیں جبکہ پاکستان میں سیاحت کے بےپناہ مواقع ہیں۔

سعودی ولی عہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب میں خدمات انجام دےرہےہیں، جن کا سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہبی احترام کی بنیاد پر ہیں جو وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں،صدر پاکستان سے ملاقات میرے لئے اعزاز ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خطاب کے بعد پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے شہزادہ محمد بن سلمان سے مکالمے کے دوران کہا کہ میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر آپ کا شکریہ ادا کرنا بھول گیا تھا۔

دوران تقریب صدر عارف علوی نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزا نشان پاکستان دیا۔