ذاتی مفادات کیلئے غلط فہمیاں نہ پھیلائی جائیں، جاوید اقبال گل

February 19, 2019

بارسلونا(جواد چیمہ)پاکستان پیپلز پارٹی سپین کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات جاوید اقبال گل نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کی ایگزیکٹو باڈی میں پاکستان کے تمام شہروں،قوموں اور مذاہب کے لوگ موجود ہیں، اس لئے ذاتی مفادات کے لئے غلط فہمی نہ پھیلائی جائے اور نہ ہی پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جائے پاکستان پیپلز پارٹی سب کیلئے ہے اور اس کے دروازے سب کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام عہدیدار و کارکنان اپنے چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ ہیں اور رہیں گے اور ان کے فیصلے کے مطابق اوورسیز میں بنائی گئی باڈی جس کے صدر ڈاکٹر ارشاد کمبوہ، سینئر نائب صدر ابرار میر، جنرل سیکرٹری عامر یاسین، سیکرٹری اطلاعات و نشریات حافظ عبدالرزاق صادق اور مختلف ممالک میں بنائی گئی باڈی کو تسلیم بھی کرتے ہیں اور اس سے تعاون کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی پاکستان پیپلز پارٹی سے پیار کرتے ہیں اور بلاول بھٹو کو اپنا لیڈر مانتے ہیں وہ ان کے کئے گئے فیصلوں کو بھی تسلیم کریں اور پارٹی میں انتشار پھیلانے کی کوشش نا کریں مل جل کر پارٹی کے لئے کام کریں۔