پاکستانیوں کو بھارت سے نکل جانے کا حکم قابل مذمت ہے، دفترخارجہ

February 19, 2019

بھارت کے نئے ہتھکنڈے پر پاکستان کا رد عمل سامنے آگیا، ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کا راجستھان سے پاکستانیوں کو 48 گھنٹے میں نکل جانے اور ہوٹلز کو پاکستانیوں کو رہائش نہ دینے کا حکم قابل مذمت ہے۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ یہ حکم بھارتی جنگی جنون اور الیکشن پر جذبات ابھارنے کا مظہر ہے، بھارتی اقدام بھارتی میزبانی اور اس کے سیاحت دوستی کے شرم ناک چہرے کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔

دفترخارجہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ بھارت بین الریاستی اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے راجستھان میں موجود پاکستانیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سے متعلق بھارت کی تنگ نظری کا ایک اور اوچھا ہتھکنڈا سامنے آیا ہے،بھارتی ریاست راجستھان کے شہر بیکانیر میں موجود پاکستانیوں کو اڑتالیس گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پاکستانیوں کو ہوٹلوں میں نہ ٹہرانے کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ بلاواسطہ اوربالواسطہ کاروبار نہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے جاری کیےگئےاحکامات دو ماہ تک نافذ رہیں گے۔