’’نیب نے خواتین کو 6 گھنٹے حبس بیجا میں رکھا‘‘

February 21, 2019

پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما شہلا رضا کا کہنا ہے کہ نیب نے خواتین کو 6گھنٹے سے زائد حبس بیجا میں رکھا اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔

شہلا رضا کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کے حوالے سے اپنے ردعمل کااظہار کر رہی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کی کسٹڈی سے اساتذہ کی لاشیں بھی ملی ہیں۔

واضح رہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گزشتہ روز اسلام آباد کے ایک ہوٹل سے نیب نے گرفتار کر لیا۔

نیب نے اسی روز ہی آغا سراج درانی احتساب عدالت میں پیش کر کے ان کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ لیا تھا اور انہیں کراچی منتقل کر دیا تھا۔

آج کراچی کی احتساب عدالت میں آغا سراج درانی کو پیش کیا جارہا ہے، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما عدالت میں موجود ہیں۔