’’کیا آغا سراج کی گرفتاری ہمارے کہنے پر ہوئی؟‘‘

February 21, 2019

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کیا آغا سراج درانی کی گرفتاری ہمارے کہنے پر ہوئی ہے؟

شفقت محمود نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جسے آپ آج کالا قانون کہہ رہے ہیں آپ نے وہ قانون کیوں تبدیل نہیں کیا، کیا آپ 5 سال سو رہے تھے؟

انہوں نے کہا کہ 2008ء میں پیپلز پارٹی اور 2013ء میں نون لیگ کی حکومت آئی، گزشتہ 10سال میں بہت کچھ ہوا، اٹھارہویں ترمیم آئی، نیب کا قانون خراب ہے تو ان 10سال میں یہ تبدیل کیوں نہیں کیا گیا۔

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے،نیب کا قانون خراب ہے تو 10 سال میں قانون تبدیل کیوں نہیں کیا، نواز شریف اور خورشید شاہ نے مل کر چیئرمین نیب کا چناؤ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب وزیر اعظم عمران خان سے ہدایت نہیں لیتا،خورشید شاہ سارا غصہ ہم پر نکال رہے ہیں، نیب جو ایکشن لے رہا ہے یا یہ صحیح کر رہا ہے یا غلط اس کا دفاع کرنا میرا کام نہیں۔

شفقت محمود نے یہ بھی کہا کہ ہم سب جمہوریت کی بقاء کے لے ایک ہیں، جمہوریت اور پارلیمنٹ کسی بھی بدعنوان کے لیے ڈھال نہیں بنیں گی۔