اسد درانی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

February 22, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ جنرل اسد درانی کا نام متنازع کتاب سامنے آنے پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تھا جس پر انہوں نے عدالت عالیہ سے رجوع کر رکھا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی تو وزارت دفاع کے نمائندے بریگیڈئر فلک ناز نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کے خلاف سربمہر انکوائری رپورٹ عدالت میں پیش کی ، جسٹس محسن اختر کیانی نے رپورٹ پڑھ کر واپس وزارت دفاع کے نمائندے کو دیدی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا انکوا ئر ی مکمل ہو گئی ہے جس پر بریگیڈئر فلک ناز نے کہا کہ جنرل اسد درانی کے خلاف را کے چیف کے ساتھ مل کرکتاب لکھنے پر انکوائری کی گئی جو مکمل ہو گئی ہے اور رپورٹ میں سفارشات بھی دی گئی ہیں۔