پاکستانی قیدی کی لاش کی حوالگی کیلئے انصار برنی نے بھارت سے تحریری درخواست کردی

February 22, 2019

کراچی(جنگ نیوز)انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے بدھ کو بھارتی جے پور جیل میں قیدیوں کے تشدد اور سنگسار کرکےجاں بحق کئے جانے والےپاکستانی قیدی شاکر اللہ کی لاش کی حوالگی کے لیے بھارتی وزارت خارجہ اور حکومت پاکستان کو تحریری درخواست کردی ہے اورحکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی حکومت شاکر اللہ کی میت پاکستان واپس لانے کے لئے انصار برنی ٹرسٹ کے ساتھ حکومتی سطح پر بھی اقدامات کرے- انصار برنی نے کہا کہ شاکر اللہ کراچی کا رہائشی تھا اور اس کا خاندان کراچی میں ہی بستا ہے۔ بدھ کوبھارت کی جے پور جیل میں 2003ء سے قید شاکر اللہ کو پاکستانی قیدی ہونے کی بنا پر جے پور جیل کی انتظامیہ کی سرپرستی میں جیل کے قیدیوں نے سنگسار اور تشدد کرکے انتہائ بے دردی سے قتل کردیا تھا ۔شاکر اللہ 2003میں غلطی سے سرحد پار کرکے سیالکوٹ سے بھارت میں داخل ہوا تھا ،جہاں وہ گرفتار کرلیا گیا اور گزشتہ 16سال سے بھارت کی قید میں تھا ۔