’بھارت کا مدرسے کو جیش محمد کا ہیڈ کوارٹرز کہنا غلط ہے‘

February 23, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بہاولپور کے ایک مدرسے کو بھارت کی جانب سے جیش محمد کا ہیڈ کوارٹرز قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بہاولپور کے مدرسے کا انتظام پنجاب حکومت نے اپنے ہاتھ میں لیا ہے،یہ وہ مدرسہ ہے جس کے بارے میں بھارت پروپیگنڈہ کر رہا تھا کہ یہ جیش محمد کا ہیڈ کوارٹر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل پنجاب حکومت تمام میڈیا کے نمائندوں کو اس مدرسے کا دورہ کرائے گی تاکہ وہ دیکھ سکیں کہ یہ مدرسہ کس طرح سے کام کر رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس مدرسے میں 700 کے قریب طلباء زکوٰۃ اور صدقے کے ذریعے زیر تعلیم ہیں۔


وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے مدرسے کو جیش محمد کا ہیڈ کوارٹرز قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ روز نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔