ٹارگٹ کلنگ واقعات کی ازسرنو تفتیش،دہشت گردوں کی گرفتاری کاحکم

February 24, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے شہر میں ہونے والی فرقہ ورانہ اور سیاسی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی تفتیش پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسران سے سخت باز پرس کی ہے اور انھیں روایتی تفتیش کا سلسلہ ختم کرکے تمام واقعات کی از سر نو تفتیش اور ان واقعات میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے ، پولیس ذرائع کے مطابق ہفتہ کو کراچی پولیس آفس میں ہونے والے ایک اجلاس میں ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، سی ٹی ڈی اور دیگر پولیس افسران کو طلب کیا گیا ، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر امیر شیخ نے تمام افسران کا ایک دوسرے سے مکمل رابطے، انٹیلی جنس معلومات کے باقاعدہ تبادلے ، مخبری کے نظام کو فوری طور پر موثر بنانے پر زور دیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے رونما ہونے سے قبل ہی اطلاع پولیس کے پاس موجود ہو اور ملزمان کا قلع قمع کیا جاسکے، انہوں نے نارتھ کراچی انڈا موڑ کے قریب پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی میڈیکل کی طالبہ کی ہلاکت کے سلسلے میں ڈی آئی جی سی آئی اے عارف حنیف کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کی، کمیٹی میں ایس آئی یو کے انچارج ایس ایس پی نعمان صدیقی اور ایس پی ٹریفک سمیع اللہ سومرو اراکین ہوں گے،کمیٹی کے چیئر مین عارف حنیف تحقیقات مکمل کرکے تین دن میں رپورٹ جمع کرائیں گے۔