کالا ڈھاکا کےلڑکا لڑکی کو جرگے کے حکم پر کراچی میں قتل کئے جانے کا انکشاف

February 24, 2019

کراچی ( ٹی وی رپورٹ،ثاقب صغیر /اسٹاف رپورٹر)حب ڈیم کے قریب سے ملنے والی لڑکےاور لڑکی کی لاشوں میں سے لڑکی کی لاش کی بھی شناخت کرلی گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کو مبینہ طور پر جرگے کے حکم پر قتل کیا گیا پولیس کے مطابق دونوں کے اہلخانہ نے مقتولین کی گمشدگی کا مقدمہ درج نہیں کروایا۔دونوں کے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے جس میں کاروکاری کی دفعات شامل ہیں تاہم پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود نادرن بائی پاس حب ڈیم کے قریب پہاڑی سے بدھ کو خاتون سمیت2افراد کی گلاکٹی لاشیں ملی تھیں جن کی فوری طورپرشناخت ممکن نہیں ہوسکی تھی ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد مقتولین کی لاشیں صدرمیں واقع سرد خانے منتقل کردی تھیں،جمعرات کو قتل کیے جانے والے شخص کی شناخت 25سالہ نصیب زر خان ولد شیر بہادرکے نام سے کرلی گئی تھی، مقتول مکان نمبر204 اسلام نگرمیٹروول اورنگی ٹاؤن کا رہائشی اوراس کا آبائی تعلق کالا ڈھاکہ خیبر پختونخوا سے تھا،جمعہ کی شب ہلاک ہونے والی لڑکی کی شناخت بھی نور بی بی دختر واحب زاد کے نام سے کر لی گئی،مقتولہ بھی اسی محلے کی رہائشی ہے اور اسکا آبائی تعلق بھی کالا ڈھاکہ سے بتایا جاتا ہے،ایس ایچ او تھانہ سرجانی ٹاؤن ادریس بنگش نے بتایا کہ مقتول کے والد تھانے آئے تھے، انھوں نے بتایا کہ مقتول نوجوان جولائی 2018 میں گھروالوں سے چلا گیا تھا کچھ عرصے بعد گھر والوں کو بتایا تھا کہ وہ لاہور میں ہے جس کے بعد اس سے کوئی رابطہ نہیں ہوا،انھوں نے بتایا کہ گزشتہ سال جولائی میں مقتول کے گھرسے جانے کے ایک ماہ بعد مقتولہ لڑکی بھی لا پتہ ہوگئی تھی جسکے بعد 20فروری کو دونوں کی گلا کٹی لاشیں ملیں،پولیس نے بتایا کہ دونوں کے لاپتہ ہونے کی کوئی گمشدگی رپورٹ بھی کسی تھانے میں درج نہیں ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ لڑکی کی لاش کو اب تک سرد خانے سے وصول کرنے کوئی نہیں آیا۔ پولیس نے بتایا کہ لڑکی کے گھر والے واقعہ کے بعد سے گھر پر تالا لگا کر نامعلوم مقام پر چلے گئے ہیں انکے پتہ چلنے پر ہی تفتیش میں پیش رفت ہو گی،پولیس ذرائع کے مطابق خاتون اور مرد کو گلے پر وار کرکے قتل کیا گیا دونوں کے غائب ہونے کے بعد جرگہ بلایا گیا اور مبینہ طور پر قتل کا فیصلہ کیا گیا،پولیس ذرائع کے مطابق جرگہ میں مقتول لڑکا ایک بار پیش بھی ہوا تھاعلاقہ سے ملنے والی رپورٹس نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے جرگہ نے دونوں کو قتل کرنے کا حکم جاری کیا تاہم ایس ایس پی ویسٹ شوکت کٹھیان نے کسی جرگہ ہونے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔پولیس نے دوہرے قتل کا مقدمہ الزام نمبر 149/2019 سرکار کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔