پی ایس ایل،اسلام آباد نے کراچی کنگز کو سات وکٹ سے شکست دے دی

February 24, 2019

شارجہ(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ فور میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی اسلام آباد یونائیٹیڈ نے کراچی کنگز کو تیسری شکست سے دوچار کرکے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہےپوائنٹس ٹیبل پر کراچی کا آخری نمبر ہے۔اسلام آباد نے لیوک رونکی کی دھواں دار اننگز کی بدولت سات وکٹ سے میچ جیت لیااور144رنز کا ہدف23گیندیں پہلے پورا کر لیا۔اسلام آباد نے پانچ میچوں میں تیسری کامیابی اپنے نام کی ہے۔ہفتے کی شب شارجہ اسٹیڈیم میں لیوک رونکی نے 35گیندوں پر67اور سمیت پٹیل نے45رنز بنائے دونوں ناٹ آوٹ رہے۔محمد عامر نے چار اوورز میں39رنز دیئے۔قبل ازیںیونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے ۔ آخری پانچ اوورز میں بین ڈک اور عامر یامین کے درمیان ہونے والی ساتویں وکٹ کی شراکت میں مجموعی سکور میں 63 رنز کا اضافے ہوا۔ بین ڈک نے 32گیندوں پر49اور عامر یامین نے19گیندوں پر35رنز بنائے۔اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے 26 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد موسیٰ اور رومان رئیس نے ایک، ایک بیٹسمین کو آؤٹ کیا۔