پاکستان میں اقلیتوں کو بلاتفریق مکمل حقوق حاصل ہیں ، شیریں مزاری

February 24, 2019

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)انسانی حقوق کی وزیر ڈاکٹرشیریں مزاری نے ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اورفرو غ کیلئے حکومت کے پختہ عزم کااعادہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات بین الاقوامی مذہبی آزادی کے سفیر عمومی سیموئیل ڈیل برائون بیک کی قیادت میں اسلام آباد میں ایک امریکی وفد سے ملاقات میں کہی۔شیریں مزاری نے کہاکہ حکومت آئین اورعالمی ذمہ داریوں کی بلاتفریق پاسداری کرتے ہوئے خواتین بچوں اور اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے بنیادی حقوق یقینی بنارہی ہے۔امریکی وفد نے انسانی حقوق کے تحفظ اورفروغ کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ دریں برائون بیک نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر وفاقی وزیرنے پاکستان کانام اقلیتوں کے حقوق کے نقطہ نظر سے تشویش کے حامل ممالک کی فہرست سے خارج کرنے کامطالبہ کیا،انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تمام مذاہب کیلئے یکساں مواقع موجود ہیں۔