ایف پی سی سی آئی اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کی مفاہمتی یادداشت

February 25, 2019

سید منہاج الرب

وفاقی ایوان صنعت وتجارت(فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری) کے صدر اور ہیوسٹن کراچی سسٹرسٹی ایسوسی ایشن کے صدرمحمد سعیدشیخ نے پاکستان اورامریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری لانے، سرمایہ کاری اور کاروباری وفود کے تبادلوں کے لیے مفاہمتی یادداشت پردستخط کئے۔

فیڈریشن ہاؤس میں منعقد ہ تقریب میں وفاقی ایوان صنعت وتجارت کے سینئرنائب صدر ڈاکٹرمرزا اختیاربیگ، نائب صدر مسلم محمودی، پاکستان چیمبرآف کامرس امریکا کے سابق صدر گل فراز خان، ہیوسٹن کراچی سسٹرسٹی ایسوسی ایشن کراچی چیپٹر کے صدر نعیم قریشی اور دونوں آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں فریق پاکستان اور امریکا کے درمیان کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے امداد باہمی اور ہرممکن مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اہداف کی تکمیل اور تجاویزات کے لیے بین علاقائی مشاورتی میٹنگز بھی کریں گے۔

وفاقی ایوان صنعت وتجارت کا قیام 1950 میں عمل لایاگیا،جسے نجی شعبے کی مضبوط آوازسمجھا جاتا ہے اور یہ ادارہ اپنے قیام سے اب تک پاکستان میں برآمدات اور غیرملکی سرمایہ کاری کو بڑھانے اور ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہمہ وقت حکومت کے شانہ بشانہ کھڑارہا ہے ۔

معیشت کی شہ رگ سمجھاجانے والا یہ ادارہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان پل کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دیتا ہے۔ وفاقی ایوان صنعت وتجارت ماحول، صنعت اور تجارت کو درپیش مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور حکومت کے ساتھ متواتر ڈائیلاگ کے ذریعے نجی شعبے کے مفادات کے تحفظ کا ضامن بھی ہے جبکہ ہیوسٹن سسٹرسٹی ایسوسی ایشن ایک مشترکہ آرگنائزیشن ہے جسے کراچی، ٹیکساس اور ہیوسٹن کی شہری حکومتوں نے مشترکہ طور پر تشکیل دیا ہے۔

اس کا مشن پیوپل ٹوپیوپل تبادلے کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی روابط، مفاہمت وتعاون کے ساتھ امن کوفروغ دینا ہے۔ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سسٹرسٹیز انٹرنیشنل کے موجودہ اعزازی چیئرمین ہیں اور ہیوسٹن کے میئرسلویسٹرٹرنرہیوسٹین کراچی سسٹرسٹی ایسوسی ایشن کے مقامی اعزازی چیئرمین کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

2009 میں اپنے قیام سے اب تک ہیوسٹن کراچی سسٹرسٹی ایسوسی ایشن تعلیم، صحت ، انسانی خدمت، تجارت اورثقافت کے شعبوں میں کئی پراجیکٹس کوکامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچاچکی ہے۔