گھارو ،کراچی کا رہائشی گاڑھو میں مٹھائی کھاتے ہی جاں بحق

March 03, 2019

گھارو ( نامہ نگار ) گاڑھو شہر میں مٹھائی کی دکان سے پکوڑے اور مٹھائی کھانے والا کراچی کا رہائشی جا ں بحق ا ہو گیا ۔ کراچی کھڈ ہ مارکیٹ کا رہائشی 60 سالہ ایوب ملاح جو مچھلی کا کاروبار کرتا ہے ۔ شکار کے بعد گاڑھو پہنچا جہاں مٹھائی کی دکان سے پکوڑے اور مٹھائی کھائی جس کے کھاتے ہی ایوب ملاح کی حالت غیر ہوگئی اور وہ چل بسا اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے لا ش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کے لیے شیخ زید اسپتال میرپورساکرو روانہ کر دیا جبکہ مٹھائی شاپ کے مالک مجید میمن کو گرفتار کر کے مٹھائی کے نمونے لیبارٹری روانہ کر دئیے ۔پولیس کے مطابق لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ مٹھائی شاپ کے مالک مجید میمن کا کہنا ہے کہ انکی دکان باپ دادا کے زمانے سے چل رہی ہے اور آج بھی صبح سے تمام دن مٹھائی کی فروخت جاری ہے کسی نے بھی شکایت نہیں کی اور نہ آج تک کبھی شکایت آئی ہے ۔ متو فی کی موت کی وجہ انکی مٹھائی نہیں ہے۔