پی ایس ایل، کراچی والوں کا جوش عروج پر

March 09, 2019

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور کے پہلے میچ میں ہی شہریوں کے جشن نے سب کو حیران کر دیا، کھیل کیا ہوتا ہے دنیا کو دکھادیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان پی ایس ایل فور کا 27 میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی میچ دیکھنے کےلئے اسٹیڈیم پہنچ گئے۔

اہلیان کراچی کا جوش، کراوڈ کا شور اور دیوانوں،متوالوں کا جشن قابل دید تھا، میچ سے قبل ہاؤس فل اسٹیڈیم میں پڑھے گئے قومی ترانے نے شائقین کرکٹ کا لہو گرما دیا،اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

کراچی میں کرکٹ کی عید ہوگئی ،کھیل کے دیوانے سج سنور کر اسٹیڈیم پہنچ گئے،تیز دھوپ کو ہیٹ سے دور بھگایا،بھنگڑا ڈال کر جوش بڑھایا،شہریوں نے کرکٹ کے رنگ ساری دنیا کو دکھا دیے۔

کراچی میں کارساز سے حسن اسکوائرتک اورملینیم شاپنگ مال سے آغا خان گیٹ نمبر 3 تک سڑک بند رہی، اسٹیڈیم کے عقب کی سڑکیں بھی بند علاقہ مکینوں کو اصل شناختی کارڈ دکھاکر جانے کی اجازت ملی۔

میچ کے دوران شارع فیصل،یونیورسٹی روڈ ،شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ پر ٹریفک مکمل طور پر بحال رہی،آغا خان اور لیاقت نیشنل اسپتال جانے والوں کے لئے نیوٹائون سے راستہ کھلا رکھا گیا۔