مساجد کونسل اوربرطانیہ میں پاکستانی مسیحی برادری کی مساجد پر حملوں کی مذمت

March 17, 2019

لندن (جنگ نیوز) گریٹر مانچسٹر مساجد کونسل اور برطانیہ میں پاکستانی مسیحی برادری نے نیوزی لینڈ کی مساجد پر دہشت گردوں کے حملوں کے نتیجے میں 49 مسلمانوں کی شہادت کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے یکجہتی، دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا ہے، گریٹر مانچسٹر مساجد کونسل دہشت گردی کے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ کے فوری بعد نیوزی لینڈ کی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدام کی تعریف کی ہے، کونسل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ افسوسناک حادثہ بڑھتے ہوئے اس عالمی خطرے کی علامت ہے، ہم کافی عرصے سے جس کی نشان ہی کرتے رہے ہیں۔ اس واقعے سے انٹیلی جنس کی شدید خامیوں اور انتہائی دائیں بازو کی انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا پر ناکافی توجہ کا اظہار ہوتا ہے، یہ خطرات بڑھتے جا رہے اور ہم سب کو نظر آرہے ہیں، یہ کسی فرد واحد کا کام نہیں ہے بلکہ یہ مسلمانوں اور امیگرنٹس سے نفرت کے ماحول میں پروان چڑھے ہیں۔ ہم اس سے قبل بھی بار بار یہ واضح کرچکے ہیں کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستانی مسیحی برادری نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی مسیحی برادری متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے ساتھ ہی قیمتی جانوں کے زیاں پر غمزدہ اورمتاثرہ خاندانوں کیلئے دعاگو ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، کوئی عقیدہ نہیں ہوتا، آئیے، ہم سب مل کر مذاکرات اتحاد اور تحمل کے ذریعے اس کو شکست دیں، پاکستانی مسیحی پورے برطانیہ میں متاثرہ خاندانوں کے صبر اورپوری دنیا میں امن کیلئے اتوار17مارچ کوخصوصی دعائیں کریں گے۔