پی ایس ایل 4 کا چیمپئن کون بنے گا؟ فیصلہ آج ہوگا

March 17, 2019

پاکستان سپرلیگ سیزن فور کی ٹرافی اس بار کس کا مقدر بنے گی فیصلے کا دن آگیا، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پی ایس ایل کا سب سے بڑا ٹاکرا آج ہوگا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی تیسری مرتبہ پی ایس ایل کا فائنل کھیلے گی جبکہ یہ دونوں ٹیمیں دوسری مرتبہ فائنل میں مدمقابل ہوگی۔

اس سے پہلے دونوں ٹیمیں 2017ء کے فائنل میں بھی ٹکرائی تھیں، جس میں پشاور زلمی نے کوئٹہ کو شکست سے دوچار کیا تھا، دیکھنا ہوگا کہ 2017ء کی شکست کا بدلہ کوئٹہ لے سکتی ہے یا پھر اس مرتبہ بھی ہار کوئٹہ کا مقدر بنتی ہے۔

گزشتہ تین پی ایس ایل کے ایڈیشن میں دو مرتبہ اسلام آباد یونائٹیڈ نے فائنل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ایک مرتبہ پشاور زلمی نے فائنل کا تاج اپنے سر پر سجایا۔

پی ایس ایل فور کا سب سے بڑا میچ دیکھنے کے لیے شائقین بھی بے قرار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل فور کے فائنل کی چمچماتی ٹرافی کی رونمائی نیشنل اسٹیڈیم میں ہوئی تھی، جہاں فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیموں کے کپتان سرفراز احمد اور ڈیرن سیمی کا ٹرافی تھامے فوٹو سیشن ہوا تھا۔

فوٹو سیشن میں دونوں کپتانوں کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا جس میں پشاور کے کپتان ڈیرن سیمی نے سرفراز سے کہا تھا کہ آج ٹرافی تم اُٹھالو، کل میں اُٹھاؤں گا۔

سیمی کو جواب دیتے ہوئے سرفراز بولے کہ ٹرافی آج بھی ہم اُٹھائیں گے اور کل بھی اُٹھائیں گے۔ دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ مزار قائد پر حاضری بھی دی تھی۔