حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکام ہوگئی، پی پی رہنما

March 17, 2019

اسلام آباد ( وقائع نگار )پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین نیب کو بریگیڈیئر(ر)اسدمنیر کی خود کشی پر استعفیٰ دینا چاہیے اور اس کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما شامل ہوں، زرداری اور فریال تالپور کیخلاف کیس کسی کی خواہش پر اسلام آباد منتقل کیے گئے جب بھی بلاول بھٹو حکومت پر تنقید کرتے ہیں تو ان کو نیب کی طرف سے نوٹس آجاتا ہے کیونکہ یہ ان کو ناگوار گزرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما فرحت اللہ بابر اور نیئر حسین بخاری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہو گئی، کہتے تھےدہشت گردوں کو ختم کررہے ہیں لیکن مسعود اظہر کو بچانے کے لئے چین کا کندھا استعمال کیا۔