سندھ حکومت کی کارکردگی صفر،عوام کولوٹا جارہا ہے،خرم شیر زمان

March 18, 2019

کراچی، (اسٹاف ر پو ر ٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی کارکردگی صفر ہے، کراچی میں عوام کو ہزاروں کی تعداد میں لوٹا جارہا ہے،اور مراد علی شاہ کے پاس عوام کے سوالوں کا کوئی جواب نہیں،وہ انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے،اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ، رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم اور دیگر بھی موجود تھے،خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ گیارہ سال سے نالائق حکومت نے کراچی کو صاف پانی نہیں دیا،کراچی کے بچوں اور بڑوں کو ملیریا، ڈینگی، ٹائیفائیڈ اور ہیپا ٹائٹس ہورہا ہےلیکن سندھ حکومت ٹینکر مافیا کو ختم نہیں کرسکی،دنیا میں ایسا کون سا شہر ہے جہاں پینے کا پانی ٹینکر کے ذریعے ملتا ہو،دوسری طرف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عوام کا معاشی قتل عام کر رہی ہے،چھ مزدور اس لیے مرے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی نہیں بنایا،مزدور آج بھی ایسے ہی حالات اور حفاظتی اقدامات کے بغیر کام کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ سندھ اسمبلی میں بیٹھ کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں،سندھ حکومت نے جوکرنا ہے کرلے، ہم نے کرپشن کے خلاف اعلانِ جنگ کردیا ہے،عوام کو جو سہولتیں نہیں دی گئیں، ان کا ہم آپ سے حساب لیں گے۔