پاکستانیوں کو بلاتے کیوں ہیں، جب پابندی لگانی ہوتی ہے؟

March 19, 2019

معروف بھارتی گلوکار سونونگم نے بھارتی فلم انڈسٹری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستانی فنکاروں کو بلاتے کیوں ہیں جب اُن پر پابندی لگانی ہوتی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار سونونگم نے ایک بھارتی پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے حوالےسے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر پاکستانی فنکاروں پر پابندی ہی لگانی ہے تو انہیں یہاں کام کرنے کے لیے بلایا ہی کیوں جاتاہے۔

سونو نگم نےبھارتی فلم انڈسٹری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئےکہا کہ ہم خود اُنہیں بلاتے ہیں اور پھر خود ہی ان پر پابندی لگادیتے ہیں، آخر ہم بچوں کی طرح اپنے فیصلے کیوں بدل لیتے ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانے سے پاک بھارت کشیدگی اور مسائل حل نہیں ہو سکتےجبکہ انہوں نے تنقیدی انداز میں یہ بھی کہاکہ میرا خیال ہے کہ پاکستان کے ساتھ ثقافتی تبادلے کوروکنے کی ذمہ دار ہماری بھارتی فلم انڈسٹری کی ہے۔

دوسری جانب سونونگم نےعوام سے اپیل کی کہ آئندہ انتخابات میں کسی بھی سیاسی رہنما کو ذات پات اورمذہب کے نام پر ووٹ نہ دیں بلکہ انہیں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کریں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی گلوکار سونونگم نے پاک بھارت کشیدگی سے متعلق گفتگومیں کہا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کو بڑھانے میں اہم کردار بھارتی میڈیا کے اشتعال انگیز رویے کا ہے انہیں اب سمجھدار ہوجانا چاہیے اور غلط بیانی سے گریز کرنا چاہیے۔