امریکی ڈرون حملے میں مبینہ جرمن شمولیت پر مقدمہ دائر

March 20, 2019

برلن (اے پی پی) یمن میں 2012میںکیے جانے والے ایک امریکی ڈرون حملے میں ممکنہ جرمن شمولیت کے تناظر میں تین یمنی شہریوں نے جرمن حکومت پر ایک مقدمہ دائر کیا ہے۔ ان شہریوں کے مطابق اس ڈرون حملے کی ذمہ داری جرمنی پر بھی عائد ہوتی ہے کیونکہ اس حملے میں مغربی جرمن علاقے رامشٹائن میں واقع امریکی فوجی اڈے کی معاونت شامل تھی۔ حملے کے بعد رام شٹائن کے اڈے کو معلومات بھی فراہم کی گئی تھیں۔ میونسٹر شہر کی اعلیٰ انتظامی عدالت نے ابتدائی کارروائی میں واضح کیا کہ اس مقدمے میں کئی دستوری نوعیت کے علاوہ بین الاقوامی قوانین سے متعلق سوالات کے جواب درکار ہوں گے۔ اس مناسبت سے ابتدائی اپیل کولون کی عدالت نے 2015میں خارج کر دی تھی۔