مکیش نے بھائی انیل امبانی کا 432؍ کروڑ کا ہرجانہ ادا کیا، عوام کا ٹوئٹر پر ملے جلے رد عمل کا اظہار

March 20, 2019

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت کے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک سمجھے جانے والے انیل امبانی کی ٹیلی کام کمپنی کو نقصان ہونے کے بعد انہیں سوئیڈن کی کمپنی ایریکسن کو 432؍ کروڑ روپے بشمول سود ادا کرنا تھے، جب کئی وعدوں کے بعد بھی انہوں نے یہ رقم ادا نھیں کی تو سپریم کورٹ نے انھیں چار ہفتے کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ یا تو پیسے ادا کریں یا تین مہینے کیلئے جیل جائیے۔ عدالت نے منگل تک کی ڈیڈلائن دی تھی لیکن ڈیڈلائن گزرنے سے پہلے ہی انیل کے بھائی مکیش نے بڑے بھائی ہونے کا فرض ادا کیا، اور ان کی طرف سے رقم ادا کر دی۔ اس صورتحال کی وجہ سے ٹوئٹر پر لوگوں نے ملے جلے رد عمل کا اظہا کیا، کسی نے تنقید کی تو کسی نے مذاق اڑایا۔ لوگوں نے مختلف ٹوئٹس میں فلمی ڈائیلاگ شیئر کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ آپ نے مجھے کیوں بچایا، اور ساتھ ہی ایک تصویر پوسٹ کی جس پر لکھا تھا کہ تیرا بھائی ہوں میں۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ بھائی کا جرمانہ ادا کرنے کی وجہ سے لگتا ہے کہ اس مہینے مکیش کے بیٹوں آکاش اور اننت کو جیب خرچ نہیں ملے گا۔ ایک اور صارف نے فلمی تصویر شیئر کرتے ہوئے مکیش کی طرف سے انیل کیلئے لکھا ہے کہ ’’ارے کب تک تیری غلطیوں کا ٹوکرا میں اپنے سر پھر گھماتا رہوں گا۔‘‘