نوشہرہ اور مردان میں غیر قانونی تجاوزات کیخلاف گرینڈآ پریشن

March 24, 2019

پشاور (وقائع نگار) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے ناصر خلیلی کی ہدایت پر اسپیشل مجسٹریٹ ریلوے مس وزیر کی ریلوے حکام کیساتھ نوشہرہ اور مردان میں واقع، شیرین کوٹھو،رشکئی پھاٹک، رشکئی اسٹیشن،مردان کمپلکس اور مردان جیل روڈ پر ریلوے کی اراضی پر قائم عرصہ دراز سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے43تعمیرات کو بھاری مشینری کے زریعے مسمار کردیا جس میں دوکانوں اور کیبن سمیت شیڈز اور تھڑے وغیرہ شامل ہیں۔جس سے 112 مرلہ کمرشل ریلوے اراضی واگزار کرائی گئی جن کی مالیت چار کروڑ اڑتھالیس لاکھ روپے ہے۔ مزکورہ پراپرٹی میں قائم دوکانوں اور کیبن مالکان کو اس سے پہلے غیرقانونی تجاوزات خاتمہ کے لئے بار بار نوٹسز جاری کئے گئے تھے جس میں مہلت دی گئی تھی کہ ریلوے کی سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات خود ختم کردیں جس پر عملدرآمد نہ ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق سپیشل مجسٹریٹ ریلوے مس وزیر کی نگرانی میں ریلوے کی اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری رہے گی جس میں ریلوے کی زمین قبضہ مافیا سےواگزار کی جائیگی ۔