مہنگائی میں 200 فیصد اضافہ، حکومت ٹیکس جمع نہیں کرسکی، 15000ارب کا قرضہ کیسے اتارے گی،فضل الرحمٰن

March 25, 2019

میرانشاہ ،بنوں(نمائندہ جنگ،جنگ نیوز، ایجنسیاں) میرعلی شمالی وزیرستان میں تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئےمولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ مہنگائی دو سو فیصد بڑھ گئی ہے،موجودہ حکومت ٹیکس جمع نہیں کرسکی جبکہ اپنے سات ماہ میں ہر روز قرضہ لیا ، اب تک پندرہ ہزار ارب روپے کے قرضے لئے گئے، حکومت یہ قرضہ کیسے اتاریگی، کیا بنے گا اس ملک کا، ہم دیوالیہ پن کے کنارے کھڑے ہیں، حکمران بھکاری بن کر ملک کو قرضوں پر چلا رہے ہیں،روزانہ 15ارب روپےقرضہ لیا جارہاہے جو ہمارے بچے ادا کرینگے، مدارس کیخلاف کارروائیاں، علماء پر حملےعالمی ایجنڈے کا حصہ ہے، حکمرانوں کو بین الاقوامی ایجنڈے کی تکمیل کی اجازت نہیں دی جائیگی ،اسلام آباد کا ملین مارچ حکمرانوں کے عزائم کو زمین بوس کردیگا، 31 مارچ کو سرگودھا،21 اپریل کو خیبر ایجنسی اور 28 اپریل کو مانسہرہ میں ملین مارچ ہوگا،انہوں نے کہادینی مدارس پر پابندیاں اور علماء کی گرفتاریوں سے ناموس رسالت کے قافلے کو روکا نہیں جاسکتا، جعلی حکمران دھاندلی کرنے پر جرم کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگیں، قوم ان نااہل حکمرانوں کیخلاف میدان عمل میں آچکی ہے، حکمرانوں کو اپنے مذموم عزائم سے پیچھے ہٹنا پڑیگا ،انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کی آڑ میں مادر پدر آزادی کی اجازت نہیں دی جائیگی، اسلامی تہذیب کی حفاظت و دفاع اورملکی سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، انہوں نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی جیسی غیر متنازع شخصیت پر قاتلانہ حملہ منظم سازش کا حصہ ہے موجودہ حکومت کی ملک دشمن پالیسیوں اور اسلام دشمن اقدامات کیخلاف ملین مارچ کا سلسلہ جاری رہے گا۔