دیارِ غیر میں ہم وطنوں کو متحد دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، اشفاق خلیل

April 01, 2019

یوم پاکستان کی تقریب کے موقعے پرقونصلر اشفاق خلیل اور دیگر شرکاءکا گروپ فوٹو

دنیا بھر کی طرح جاپان میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے شاندار تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جس میں سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد سب سے اہم تقریب ہم خیال گروپ جاپان کی جانب سے سائی تامہ کے مقامی ریستوران میں منعقد کی گئی، جس میں جاپان کی معروف شخصیات اور سفارت خانہ پاکستان کے پریس قونصلر اشفاق خلیل نے شرکت کی ۔ تقریب کا اہتمام تلاوت کلام پاک سے ہوا جو ممتاز عالم نے اپنی خوبصورت آواز میں پیش کی جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ نوید امین نے پیش کرکے سماں باندھ دیا۔بعدازاںپاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا، شرکاءنے قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہوکر ترانہ سنا اور ترانے کےاختتام پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے ۔تقریب کے مہمان خصوصی ناگویا سے آئے ہوئے معروف پاکستانی رانا عابد حسین تھے جو پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر بھی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ایک دن جیو کے ساتھ ہونے والے پروگرام کے باعث عالمی شہرت حاصل کی ہے جبکہ خاص مہمانوں میں ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان ،سینئر نائب صدر ملک یونس ہم خیال گروپ کے ارکان ملک سلیم بوئیکی ،،چوہدری ارشاد،چوہدری شعیب ،چوہدری عظیم ،امجد تایہ فیصل آبادی ،عبید اللہ بٹ ، میاں ندیم ،رضا انور ،مدثر پسیہ ،ملک ذوالفقار ،معروف شاعر عامر فواد ،راجہ عتیق الرحمان سمیت بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی ۔

جاپان میں بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنےوالے پاکستانیوں کا گروپ فوٹو

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا کہ آج کا یوم آزادی اس وجہ سے بھی بہت اہم ہے کہ بھارت نے پاکستان پرحملہ کرنے کی کوشش کی اور پوری قوم نے ایک ہوکر بھارت کے حملے کو ناکام بنایا اور بتایا کہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کا انجام برا ہے۔

معروف پاکستانی رانا عابد حسین ،نمائندہ جنگ سے بات کرتے ہوئے

چوہدری ارشاد نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ثابت کردیا کہ مشکل وقت میں پوری قوم متحد ہوکر فولاد بن جاتی ہے ۔ ملک سلیم بوئیکی نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ملک نور اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو بھارت کے اندر کئی پاکستان بنا دیں گے ۔ منیر گجر نے کہا کہ بھارت نے اگر جنگ کی تو اوورسیز پاکستانی اول دستے کا کردار ادا کریں گے ۔ملک یونس نے کہا کہ مشکل وقت میں سب سے پہلے پاکستان پہنچے گے اور ملک کی حفاظت کا فریضہ ادا کریں گے ۔امجد تایا نے کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے ۔عبید اللہ بٹ نے کہا کہ بھارت پاکستان کو کمزرو ملک سمجھنا چھوڑ دے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریس قونصلر اشفاق خلیل نے کہا کہ دیار غیرمیںپاکستانیوں کو متحد دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے اور اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم کتنی مضبوط قوم ہے ۔تقریب کے آخر میں پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی ۔