ملتان: دیور کے ہاتھوں جلنے والی خاتون دم توڑ گئی

April 03, 2019

پنجاب کے شہر ملتان کے قصبہ مڑل میں دیور کے ہاتھوں جھلسنے والی خاتون سونیا نشتر اسپتال کے برن یونٹ میں دم توڑ گئی۔

ملزم کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس ابھی تک اسے گرفتار نہیں کر سکی ہے۔

ملتان کے علاقے قصبہ مڑل کی رہائشی سونیا جس کو دیور نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، 6 روز تک برن یونٹ میں داخل رہی لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔

سونیا کے والد محمد رفیع نے بتایا ہے کہ سونیا اور اس کا شوہر آپس میں جھگڑ رہے تھے تو درمیان میں دیور ارشد نے غصے میں آ کر پہلے سونیا کے کمرے پر تیل چھڑک کر آگ لگا ئی، اس کے بعد سونیا پر بھی پٹرول ڈال کرآگ لگا دی، جبکہ دونوں بھائی آپس میں لڑتے رہے۔

سونیا کو نشتر اسپتال کے برن یونٹ میں منتقل کیا گیا تاہم سونیا زخموں کی تاب نہ لاسکی اور 6 روز بعد دم توڑ گئی۔

سونیا کے والد نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اس واقعے کا فی الفور نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خاندان کو انصاف چاہیے۔