کوشش ہوگی جنوبی افریقا کیخلاف کارکردگی اچھی رہے،ثنا میر

April 16, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر ثناء میر کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی سیریز سے ہمیں کچھ مثبت پوائنٹس ملے ہیں کوشش کریں گے کہ مضبوط جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں انہوں نے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں پوائنٹس حاصل کرنے کے لئے ہمیں متوازن ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔جنوبی افریقا جیسی ٹیم کو ہرانے کے لئے تینوں شعبوں خاص طور پر فیلڈنگ اور فٹنس پر خاص کام ہورہا ہے۔ ثناء میر نے کہا کہ پاکستان بھی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے ۔بھارت آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں اچھی ہیں۔ پوری امید ہے کہ اقبال امام کے آنے سے بیٹنگ لائن بھی بہتر نظر آئے گی۔ ڈائنا بیگ، عالیہ، ایمن اور کائنات بھی بولنگ میں اچھی کارکر دگی دکھا رہی ہیں لیکن پیس اٹیک کو بھی بہتر بنانے کے لئے کوشش کررہے ہیں۔ لڑکیوں کو مستقل بنیادوں پر پریکٹس ملنے کی ضرور ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم کے طویل عرصے بعد ڈیلی الاونس بڑھے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی سی بی ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو بند کررہا ہے تو ریجن میں وہ سہولتوں ہونی چاہیں جو انگلینڈ یا آسٹریلیا میں ہوتی ہیں۔ اگر سہولتوں اور ملازمتوں کے بغیر ڈپارٹمنٹ بند کریں گے تو پھر نتائج نہیں ملیں گے۔