کے پی کے کابینہ کا اجلاس، آئس نشے کا کاروبار کرنے والوںکیلئے سزائے موت سمیت سخت سزائیں تجویز

April 16, 2019

مہمند،غلنئی(نمائند گان جنگ)صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس پیر کے روز ضم شدہ قبائلی ضلع مہمند کے صدر مقام غلنئی میں منعقد ہواجس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کی اجلاس میں ،آئس نشے کا کاروبار کرنے والوں کیلئےسزائے موت سمیت سخت سزائیں تجویز کی گئیں،جوڈیشل اکیڈمی ایکٹ 2012ء میں ترامیم، تمام جوڈیشل افسران متعلقہ اضلاع میں شفٹ کرنے سمیت اہم فیصلوں کی منظوری۔صوبائی وزراء اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے علاوہ صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہوں نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی کابینہ اجلاس کے بعدوزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مہمند میں صوبائی کابینہ اجلاس کا انعقاد تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے قبل کابینہ کا اجلاس ضلع خیبر کے ہیڈ کوارٹر لنڈی کوتل میں منعقد کیا گیا تھا اور آنے والے دنوں میں دیگر قبائلی اضلاع میں بھی کابینہ اجلاس منعقدکئے جائیں گے تاکہ ان علاقوں کی ترقی کو تیز کرنے اور ان کی پسماندگی کو دور کرنے میں مدد ملے۔کابینہ اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ نے خیبر پختونخوا کنٹرول آف نارکاٹکس بل 2019ء کی منظوری دیدی جس کے تحت منشیات اور خصوصاً آئس نشے کی روک تھام کیلئے سخت سزائیں تجویز کی گئیں۔