نئے سیریل ”یاریاں “کا آج سے ”جیوٹی وی“ پر آغاز

April 19, 2019

کراچی (محمد ناصر) گھریلو کہانی کے گرد گھومتے نئے اور سبق آموز ڈرامہ سیریل ” یاریاں“ کا آغاز جمعہ کو ”جیو ٹی وی “ سے ہوگا۔ ہنستے بستے گھر میں غلط فہمیوں سے شروع ہونے والی داستان کس طرح ایک متحد خاندا ن کو تنکوں کی طرح بکھیر دے گی یہی سب اِس ڈرامے کی کہانی میں دکھایا جائے گا۔ ڈرامہ سیریل ”یاریاں“ کی مصنفہ ثمینہ اعجاز ہیں جسے سید وجاہت حسین نے انتہائی عمدگی سے ڈائریکٹ کیا ہے اور اس کی پروڈیوسر ارم بنت شاہد ہیں۔ ڈرامے کی کہانی دو بہنوں سعدیہ اور ذوبیا سے شروع ہوتی ہے جو اُصول پسند اور سخت طبیعت کے مالک حامد کی بیٹیاں ہیں۔ سعدیہ کا نکاح احمر نامی لڑکے سے ہوچکا ہے لیکن اس کی رُخصتی کیلئے امریکا میں مقیم انکل کے واپس آنے کا انتظار ہے۔ ذوبیا عمیر نامی لڑکے کو پسند کرتی ہے جو والدین کی غیر موجودگی میں اُسے اپنی بہن سعدیہ کی سالگرہ کے دِن گھر لے آتی ہے۔ ڈرامے کی کاسٹ میں جنید خان، عائزہ خان، مومل شیخ، منیب بٹ، محمود اسلم، حنا بیات، شگفتہ اعجاز، شائستہ جبین اور مریم نفیس سمیت دیگر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ”یاریاں“ ڈرامے باز انٹرٹینمنٹ کا نیا شاہکار ہے اس سے قبل یہ پروڈکشن ہاؤس ”سلسلے“ نامی سیریل بھی پیش کر چکا ہے جسے ناظرین میں بے حد پسند کیا گیا ۔ ڈرامہ سیریل ”یاریاں“ ہر جمعہ کو رات8 بجے نشر کیا جائے گا۔