ایس ایچ او سمیت6پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری

April 19, 2019

ملتان ( سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے منشیات کے مقدمات میں بطور گواہ پیش نہ ہونے والے ایس ایچ او سمیت6 پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیاہے ،تھانہ پرانی کوتوالی کے ایس ایچ او منصور احمد خان ، ہیڈ کانسٹیبل غلام عباس اور کانسٹیبل محمد عرفان کو 22 اپریل ، تھانہ سیتل ماڑی کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اسلم مسیح اورکانسٹیبلوں سردار محمد اور محمد وقاص کو 24 اپریل کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیاہے، فاضل عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں کرنے کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ قطب پور سے 20 اپریل کو جواب طلب کرلیا ہے ، عدالت میں ملتان کی شبانہ بی بی نے درخواست دائر کی تھی،فاضل عدالت نے ایس ایچ او تھانہ بستی ملوک کو محبوس بچہ بازیاب کراکےآج عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیاہے، عدالت میں فرزانہ بی بی نے درخواست دائر کی تھی کہ اسکے شوہر رب نواز نے ذاتی رنجش میں بیٹا کو سکول جاتے ہوئے اٹھا لیاہے ، سیشن عدالت نے فراڈ کے مقدمہ میں گرفتار ملزم امان اللہ کی ضمانت 2 لاکھ کے ضمانتی مچلکوں پر منظور کرلی ہے، سیپشل جج سنٹرل کورٹ نے کرپشن کیس میں گرفتار سابق جی ایم سوئی گیس میر بہادر خان بگٹی کی جانب سے وکالت نامہ دائر ہونے اور اشیاء کی حوالگی بارے درخواست پر بحث کے لئے سماعت آج تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ نے غیر قانونی طور پر بیرون ملک کی کرنسی کا کاروبار کرنے والے ملزم وسیم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے، بجلی چوری کے ملزم اللہ بچایا کو اقبالی بیان ریکارڈ کروانے پر ایک سال کیلئے پروبیشن پر بھجوانے جبکہ ملتان کی ارشاد کی درخواست پر اسے دارالامان بھجوانے کا حکم دیا ہے۔