متاثر کن CV کیسے بنائی جائے؟

April 21, 2019

کالج کا پہلا دن اور ملازمت کے لیےپہلا انٹرویو، دونوں ہی بے حد مشکل معلوم ہوتے ہیں لیکن یہی دو مواقع ایسے ہیں جو آ پ کی زندگی کے یادگار ترین لمحات بن جاتے ہیں۔ انٹرویو کی بات کی جائے تو یہ مرحلہ تب ہی آتا ہے جب متعلقہ کمپنی میں کسی عہدے کیلئے بھیجی گئی آپ کی CV (سی وی) شارٹ لسٹ کی جائے۔ ملازمت کے لیے بھیجی جانے والی درخواست کے ساتھ آپ کی ذاتی، معلومات، تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ تجربے پر مشتمل ایک دستاویز بھیجی جاتی ہے، جسے’سی وی ‘ کہا جاتا ہے۔

سی وی کی تیاری ایک مشکل مرحلہ ہے، خاص طور پر جب آپ پہلی بار ملازمت کیلئے درخواست دے رہےہوں۔ انٹرنیٹ پر سی وی کے بہت سے فارمیٹ دستیاب ہیں، جن میں متعلقہ معلومات درج کرکے آپ اپنی سی وی تیار کرسکتے ہیں۔ تاہم، پیشہ ورانہ ماہرین یہی مشورہ دیتے ہیںکہ آپ اپنی سی وی خود تیار کریں۔ اس حوالے سے آپ کی رہنمائی کیلئے کچھ باتیںبتائی جارہی ہیں، امید ہے کہ یہ آپ کیلئے مددگار ثابت ہوںگی۔

سی وی کیا ہے؟

سی وی ایک ایسی جامع دستاویز ہے، جو سامنے والے کو آپ کی ذاتی، علمی اور پیشہ ورانہ زندگی کا ایک تعارف پیش کرتی ہے۔ سی وی کی تیاری کے دوران آپ اپنی تمام تر معلومات مثلاً تعلیم، تجربہ، مخصوص مہارتیں اور رابطہ کی تمام تر معلومات مہیا کرتے ہیں۔ کسی بھی ادارے کی دستیاب اسامیوںمیں دلچسپی رکھنے والے افراد اپنی سی وی کے ذریعے ہائرنگ کے عمل کا حصہ بنتے ہیں۔

فارمیٹ کا انتخاب

پروفیشنل سی وی بنانے کیلئے فارمیٹ کا انتخاب کرنا ایک اہم ترین مرحلہ ہے۔ فارمیٹ آپ کی سی وی کی تصویری شکل ہوتی ہے، یہ دیکھنے اور پڑھنے میںجتنی اچھی ہوگی، آپ اتنے ہی ملازمت حاصل کرنے کے قریب تر ہوجائیںگے۔ بنیادی طور پر سی وی کے فارمیٹ تین قسم کے ہوتے ہیں۔

۱۔کرونیکل سی وی فارمیٹ

یہ سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا سی وی فارمیٹ ہے۔ سی وی کا یہ فارمیٹ لچکدار کہلاتا ہے، جو کسی بھی ملازمت کی درخواست کے لیے ایک بہترین فارمیٹ ثابت ہوسکتا ہے۔

۲۔فنکشنل سی وی فارمیٹ

فنکشنل فارمیٹ پربنائی گئی سی وی کا بنیادی مرکز درخواست دہندگان کی قابلیت اور مہارتیں ہوتی ہیں مثلاً تمام تر تجربا ت اور مہارتیں ایک ترتیب میں درج کی جاتی ہیں۔

۳۔کمبی نیشن سی وی فارمیٹ

یہ فارمیٹ بیک وقت دو سی وی فارمیٹ مثلاًکمبی نیشن اور فنکشنل فارمیٹ کا مجموعہ کہلاتا ہے۔ اس لیے اس طرز پر بنائی گئی سی وی تاریخ وار ہونے کے ساتھ ساتھ فعال بھی ہوتی ہے۔

سی وی رائٹنگ

فارمیٹ منتخب کرنے کے بعد اگلا مرحلہ معلومات درج کرنے کا ہوتا ہے۔ ذاتی کوائف میںجب تک معلومات صحیح اور درست انداز میں درج نہیں کی جائیں گی، کمپنی کا آپ سے رابطہ مشکل ہے۔ لہٰذا درج ذیل انداز میں معلومات درج کریں ۔

۔۔۔نام

۔۔۔ای میل ایڈریس

۔۔۔موبائل نمبر

۔۔۔پتہ

۔۔۔آن لائن پورٹ فولیو لنک

۔۔۔لنکڈ اِن پروفائل لنک

۔۔۔تاریخ پیدائش

سی وی میں مختصر تعارف کو ہونا بے حد ضروری ہے، یہ تعارف آپ کی تمام تر تعلیم ، قابلیت اور مقاصد کا خلاصہ ہوسکتا ہے۔ سی وی میں درج تعارف جتنا متاثر کن اور دلچسپ ہوگا، متعلقہ کمپنی آپ کی سی وی میں اتنی ہی دلچسپی لے گی۔ اس تعارف میں آپ کی تعلیم اور ملازمت کے حوالے سے مستقبل کے مقاصد درج ہونے چاہئیں۔

درخواست دہندگان کو سی وی رائٹنگ کے دوران تعارف کے علاوہ اور بھی بہت سے اہم نکات ذہن میں رکھنے ہوں گے مثلاًسی وی شروع کرنے کا انداز،حاشیوں اور متاثر کن فونٹ کا استعمال، لائنوں کے درمیان جگہ،صفحات وغیرہ وغیرہ۔ درج ذیل ٹپس بھی آپ کو ایک بہترین سی وی بنانے میں مدد دے سکتی ہیں ۔

واضح لے آؤٹ: ایک متاثر کن سی وی کی تیاری کے لیے سی وی کا لے آؤٹ خاصا اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اگر لے آؤٹ غیر واضح اور غیر شفاف ہوگا تو سی وی پڑھنے والا اکتاہٹ کا شکار ہوسکتا ہے۔ سی وی رائٹنگ کے دوران جامع اور واضح انداز اپنائیں اور کوشش کیجیے کہ سی وی A4کے دو صفحات سے زیادہ طویل نہ ہو۔

جاب پوزیشن کے مطابق سی وی تیار کریں: آپ کی سی وی واضح اور معلومات سے بھرپور ہونی چاہیے، جسےدیکھتے ہی اندازہ ہوجائے کہ آپ متعلقہ جاب کے اہل ہیں۔ کسی بھی کمپنی کےHRکے پاس ملازمت کیلئے وصول ہونے والی تمام تر سی وی کو دیکھنے کے لیے خاصا کم وقت ہوتا ہے، اس لیے آپ کی سی وی اتنی متاثرکن اور واضح ہونی چاہیے کہ ایچ آر کا نمائندہ اسے دیکھتے ہی آپ کو انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کرلے۔

متاثر کن فونٹ کا استعمال: عام طور پر لوگ سی وی کیلئے مائیکروسوفٹ ورڈ کے فونٹ Times New Romanکا استعمال کرتے ہیںلیکن یہ فونٹ سی وی رائٹنگ کے لیے مناسب نہیں۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق سی وی رائٹنگ کے لیےBook Antiqua, Tahoma and Georgia جیسے فونٹ زیادہ کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی سی وی میں تجربہ اور مہارتیں درج کرنے کے لیے بُلٹ اور ہائی لائٹ کا استعمال لازمی کریں۔

پیشہ ورانہ اور جدید ٹیمپلیٹ:ایک متاثر کن سی وی تیار کرنے کیلئے پروفیشنل اور ماڈرن ٹیمپلیٹ بنائیں، تاہم اگر آپ ماڈرن ٹیمپلیٹ سے ناواقف ہیں تو اس سلسلے میں انٹرنیٹ سے مدد لی جاسکتی ہے۔