شیعہ علماء کونسل کا دہشت گردی کے خلاف یوم احتجاج، جلوس،مظاہرے

April 20, 2019

لا اہور ( نمائندہ جنگ) شیعہ علماء کونسل نےقائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور صدر شیعہ علماءکونسل شمالی پنجاب سید سبطین حیدر سبزواری کی اپیل پر ہزارگنجی کوئٹہ اور کوسٹل ہائی وے پر ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کے خلاف جمعتہ المبارک کویوم احتجاج منایا۔ نماز جمعہ کے بعد احتجاجی جلوس اور مظاہرے کئے گئے۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں علما ء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سوات اور وزیرستان جیسا آپریشن افواج پاکستان پوری تیاری کے ساتھ بلوچستان میں بھی کریں ۔ شیعہ ٹارگٹ کلنگ کوئٹہ میں ہی نہیں ڈیرہ اسمیل خان میں بھی جاری ہے ۔علامہ سبطین حیدر سبزواری نے حافظ آباد میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کئے جائیں ۔ شیعہ علما کونسل ضلع لاہور کے صدر ملک شوکت علی اعوان نے ہربنس پوراور ضلعی جنرل سیکرٹری سید جعفر علی شاہ نے وسن پورہ میں نمازجمعہ کے بعد احتجاجی جلوسوں کی قیادت کی۔