حفیظ شیخ بہتر چوائس، اسد کو ہٹانا نازک وقت میں برا فیصلہ،تجزیہ کار

April 20, 2019

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ عبدالحفیظ شیخ ہر لحاظ سے بہتر چوائس ہیں، برا فیصلہ ہےحفیظ شیخ اپنی مرضی کریں گے،موجودہ ملکی صورتحال میں اعجاز شاہ کو وزیرداخلہ بنانا بہت اچھا فیصلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، سلیم صافی، حفیظ اللہ نیازی، رابعہ انعم او ر ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسد عمر کی جگہ عبدالحفیظ شیخ اچھا فیصلہ ہے یا برا؟ارشاد بھٹی نے کہا کہ عمران خان کے بعد حکومت کی سب سے بڑی ناکامی اسد عمر تھے، عبدالحفیظ شیخ ہر لحاظ سے بہتر چوائس ہیں۔حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ اسد عمر کو ہٹانا نازک وقت میں برا فیصلہ ہے، حفیظ شیخ کا بطور وزیرخزانہ دور کوئی شاندار نہیں تھا۔سلیم صافی نے کہا کہ حفیظ شیخ کو وزیرخزانہ بنانا عمران خان کیلئے برا فیصلہ ہے، اپنی مرضی کریں گے۔رابعہ انعم کا کہنا تھا کہ فیصلہ بہت برا ہے، عوام نے تبدیلی کیلئے عمران خان پر بھروسہ کیا لوگوں کے حالات میں نہیں صرف وزارتوں میں تبدیلی آئی۔ مظہر عباس نے کہا کہ برا فیصلہ ہے، اسد عمر کا متبادل کوئی منتخب شخص ہونا چاہئے تھا۔ دوسرے سوال فردوس عاشق اعوان معاون خصوصی برائے اطلاعات کیسا فیصلہ ہے؟سلیم صافی نے کہا کہ فواد چوہدری کے ساتھ اس سے بڑا ظلم نہیں ہو سکتا۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ اسد عمر اور فواد چوہدری پی ٹی آئی میں اپنے شعبوں کے کامیاب ترین لوگ تھے۔