’’عمران نے حفیظ شیخ کو لا کر ہماری پالیسی کو تسلیم کیا‘‘

April 20, 2019

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے حفیظ شیخ کو لا کرپیپلز پارٹی کی پالیسی کو تسلیم کیا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسد عمر کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹانا اپوزیشن کا مؤقف درست ہونے کا ثبوت ہے۔

صحافی کے اس سوال پر کہ کیا حفیظ شیخ ڈلیور کر سکیں گے؟ خورشید شاہ نے جواب دیا کہ موجودہ حالات کا چیلنج انہوں نے کیسے تسلیم کیا ہے؟شاید وہ ڈلیور کرنے کی پوزیشن میں ہوں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ غیر منتخب لوگوں کو کابینہ میں لانے سے منتخب لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا چوہدری نثار کے لیے راہ ہموار کی جا رہی ہے؟

خورشید شاہ نے جواب دیا کہ چوہدری نثار اور غلام سرور خان ایک ہی پارٹی میں چل ہی نہیں سکتے، چوہدری نثار کے کردار اور سیاست کو جانتا ہوں۔