شیخ رشید کا اسد عمر کو منانے کا اعلان

April 20, 2019

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو منانے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں اہم اجلاس ہوا،جس میں شیخ رشید بھی شریک ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ سابق وزیر خزانہ پی ٹی آئی کا حصہ ہیں، میں اسد عمر کو منائوں گا کہ وہ عمران خان کی کابینہ میں شامل ہوجائیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ اسد عمر نے قربانیاں دی ہیں، وہ آج نہیں تو کل کسی نہ کسی شعبے میں دوبارہ واپس آئیں گے۔

بنی گالہ آمد پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کافی اکھاڑ پچھاڑ ہوگئی ہے،امید ہے مزید نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ صرف ایک وزیر عامر کیانی کو نکالا گیا ہے،باقی وزراء تبدیل کئے گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عامر کیانی پر جو الزامات لگے ہیں ،مجھے ان کے بارے میں معلوم نہیں۔