مشیر خزانہ کو بااختیار بنایا گیا ہے، فردوس عاشق اعوان

April 20, 2019

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہنئےمشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو بااختیار بنایا گیا ہے، عمر ایوب کو وزارت پیٹرولیم کا اضافی چارج دیا جارہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے گلے سڑے نظام کے خلاف جدوجہد کی، نئی معاشی ٹیم کوٹارگٹ دیئے گئے ہیں اور مہنگائی کم کرنے کے لئے حکمت عملی طے کرنے کا کہا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ رمضان میں عوام کوریلیف دینا چاہتے ہیں اور ہم یقینی بنارہے کہ آنے والے بجٹ میں عوام کو ریلیف ملے۔

اسد عمر سے متعلق سوال پر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ منایا اس کوجاتا ہے جوروٹھ جائے، وہ جلد واپس آئیں گے اور عمران خان کے وژن کا دفاع کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کل کوئٹہ جارہے ہیں، جہاں شہداء کے ورثا سے اظہار تعزیت کریں گے، وہ ایران اور چین کے دورے پر بھی جائیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میری اور میڈیا کی پارٹنر شپ بنانے پر خان صاحب کی شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ورکرزکی بہتری ہماری ترجیح ہے، ہم میڈیا سے رابطے میں ہیں، کچھ میڈیا کی سنیں گے کچھ اپنی سنائیں گے دونوں کی جیت ہوگی، میڈیا سے رابطہ استوارکرنے جارہے ہیں محاذ آرائی نہیں۔

فواد چودھری کی اجلاس میں عدم شرکت پر مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ ترجمانوں کی میٹنگ تھی، فواد چودھری نے بتادیا تھا وہ لاہور جارہے ہیں۔