سکاٹش کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان چل بسے

April 21, 2019

ایڈنبرا (نیوز ڈیسک) دماغ کے کینسر کے عارضے میں مبتلا سکاٹ لینڈ کے انٹرنیشنل کرکٹر کون ڈی لینگ انتقال کر گئے۔ پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے سکاٹش کرکٹر کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 38سالہ کون ڈی لینگ کو برین ٹیومر تھا۔ جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے کون ڈی لینگ میں گزشتہ برس دماغ کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ کون ڈی لینگ نے2015میں سکاٹ لینڈ کی جانب سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے13 ایک روزہ اور8 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سکاٹ لینڈ کی نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ لیفٹ آرم اسپننگ آل راؤنڈر طویل عرصے تک نارتھمپٹن شائر کی طرف سے کاؤنٹی کرکٹ بھی کھیلتے رہے۔ کرکٹ سکاٹ لینڈ نے گزشتہ برس اکتوبر میں کون ڈی لینگ کے علاج کے لئے فنڈ ریزنگ مہم بھی شروع کی تھی۔ کون ڈی لینگ آخری بار نومبر2017 میں سکاٹ لینڈ کی طرف سے بطور نائب کپتان ایکشن میں نظر آئے تھے۔