لیبرپارٹی سٹینڈرڈ اسیسمنٹ ٹاسک کے امتحانات ختم کردے گی، جیرمی کوربن

April 21, 2019


لندن (نیوز ڈیسک) لیبر پارٹی کے قائد جیرمی کوربن نے کہا ہے کہ لیبر پارٹی پرائمری سکولوں میں سٹینڈرڈ اسیسمنٹ ٹاسک کے متنازع امتحانات ختم کردے گی لیبر پارٹی کے قائد نے نیشنل ایجوکیشن یونین کی کانفرنس میں کہا کہ انتہائی دبائو کا یہ ٹیسٹنگ سسٹم جس کے بارے میں مسلسل یہ شکایات مل رہی ہیں کہ اس کی وجہ سے طلبہ رورہے ہیں ،الٹیاں کررہے ہیں، خوفناک خواب دیکھ رہے ہیں ،جیرمی کوربن نے 4سال عمر کے بچوں کیلئے بیس لائن اسیسمنٹ کو بھی جو اگلے سال سے نافذالعمل ہوگا ختم کرنے کے ارادے کابھی اعلان کیا، لیورپول میں یونین کی کانفرنس کے دوران جیرمی کوربن کے اس اعلان کا اساتذہ نے کھڑے ہوکر پرزور نعروں اور تالیوں سے استقبال کیا۔ اب لیبر پارٹی اساتذہ سے ایک ایسے متبادل اسیسمنٹ سسٹم کے بارے میں تبادلہ خیال کرے گی جس سے ایک وسیع تر نصاب کی حوصلہ افزائی ہو اور بچے صرف امتحانات کیلئے نہیں بلکہ عملی زندگی کیلئے تیار ہوسکیں۔ دوسری جانب والدین نے طلبہ کے لئے نئے بیس لائن ٹیسٹ کے حوالے سے حکومت کے فیصلے کے خلاف اگلے ہفتے ویسٹ منسٹر تک مارچ کرنے کا اعلان کیاہے۔ لیور پول کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جیرمی کوربن نے کہا کہ سٹینڈرڈ اسیسمنٹ ٹاسک اور انتہائی دبائو والے ٹیسٹ کا نظام بچوں کیلئے بھیانک خواب بن گیاہے اور وہ آنسوئوں کے سیلاب میں کھوگئے ہیں، انھوں نے کہا کہ میں نے ہر عمر اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے اساتذہ سے ملاقاتیں کی ہیں ان پر کام کا بہت دبائو ہے اور وہ بہت دبائو میں ہیں، یہ درست نہیں ہے۔ جیرمی کوربن کے ان اعلانات کے بعد نیشنل ایجوکیشن یونین کی جوائنٹ جنرل سیکریٹری ڈاکٹر میری بائوسٹیڈ نے کہا کہ جیرمی کوربن نےاس مسئلے کو سمجھا ہے اور انھوں نے ٹیسٹ پر مبنی اس سسٹم کی وجہ سے ہونے والے نقصان کو سمجھتے ہوئے اس کو تبدیل کرنے کی ضرورت کاادراک کیا ہے انھوں نے تعلیم کا ایسا نظریہ قائم کیاہے جو والدین اوراساتذہ دونوں کیلئے مفید ہوگا۔