شاداب کا ہیپاٹائٹس وائرس ابتدائی مرحلے میں ہے

April 22, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل رائونڈرشاداب خان کے خون میں ہیپیٹائٹس کے وائرس کی تشخیص پاکستان کرکٹ ٹیم کے معمول کے ٹیسٹ کے دوران ہوئی تاہم وائرس ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے ۔ پی سی بی میڈیکل پینل ان کے لئے برطانیہ کے کسی ماہر ڈاکٹر سے وقت لے رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق شاداب ہلکی پھلکی ٹریننگ کریں گے اور پاکستان ٹیم کے ساتھ بھی رہ سکتے ہیں۔ انگلینڈ کے دورے کے لئے ٹیسٹ پندرہ اپریل کو لئے گئے تھے تاکہ شوگر لیول اور دیگر چیزیں ٹیسٹ ہوں۔ شاداب بظاہر فٹ تھے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے یویو ٹیسٹ بھی کلیئر کر لیا تھا۔دریں اثنا لیگ اسپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف اہم سیریز میں پاکستانی ٹیم کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے۔ سوشل میڈیا پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ شاداب خان کے لئے افسردہاور دعاگو ہوں کہ وہ جلد فٹ ہوں ۔ ٹیسٹ اوپنر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ مجھے شاداب کی خبر سن کر افسوس ہوا۔ انشاء اللہ وہ جلد صحت یاب ہوکر ٹیم میں شامل ہوں گے۔ پی سی بی نے شاداب خان کے ان فٹ ہونے کی خبر چیف سلیکٹر کے ذریعے میڈیا کو دی ۔ انضمام نے امید ظاہر کہ وہ ٹیم میں واپس آجائے گا لیکن انہوں نے میڈیا کے کسی سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا۔